معاشی مشکلات:سری لنکا نے فوج میں کمی کا فیصلہ کرلیا

کولمبو(انٹرنیشنل ڈیسک) سری لنکا نے معاشی مشکلات کے باعث فوج کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے ۔سری لنکا اگلےسال تک بتدریج فوجیوں کی تعداد میں ایک تہائی تک کمی کردے گا
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے وزیر دفاع پریمیتھا بندارا تھینکون کا کہنا ہے کہ ملک کو اس وقت سات دہائیوں کے دوران پہلے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لیے اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ فوجیوں کی تعداد اور اخراجات میں کمی اس اقدام کا مقصد 2030 تک ایک تکنیکی اور حکمت عملی کے لحاظ سے صحیح اور متوازن دفاعی قوت بنانا ہے
دارالحکومت کولمبو میں مقیم تھنک ٹینک ویریٹ ریسرچ کے مطابق سری لنکا کے کل اخراجات میں دفاعی شعبے کا حصہ 2021 میں جی ڈی پی کے 2.31 فیصد پر پہنچ گیا تھا گو 2022 میں اس میں کچھ کمی آئی تھی۔
یال رہے کہ حال ہی میں صدر رانیل وکرما سنگھے نے ریاستی اخراجات میں پانچ فیصد کمی کا حکم دیا تھا اور ان کی انتظامیہ نے اس ہفتے کے شروع میں متنبہ کیا تھا کہ خط غربت سے نیچے 1.8 ملین خاندانوں کے لیے فلاحی ادائیگیوں میں اس ماہ تاخیر ہو سکتی ہے۔
شدید معاشی بحران کے شکار سری لنکا کو 2.9 بلین ڈالر کا آئی ایم ایف سے قرض حاصل کرنے کے لیے پیشگی شرط کے طور پر قرض کی پائیداری حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔