عمران خان نے فوج سے لڑائی پاگل پن قرار دے دیا۔ ماضی بھلانے کا عندیہ

لاہور(امت نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ خود پر حملے سمیت جوکچھ ہوا سب کو معاف کرکے آگےبڑھنے کوتیارہیں

جیو نیوز کے مطابق لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فوج سے لڑائی پاگل پن ہوگا، فوج سے کوئی لڑائی نہیں۔ فوج کا کورونا، انسداد پولیو مہم میں اہم کردار تھا، اسمگلنگ روکنے اور احتساب کیلئے فوج درکار ہوگی۔

سابق وزیراعظم کاکہنا تھاکہ ان پر حملہ ہوا،  شہباز گل اور اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ ہوا سب کو معاف کر کے آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔

سینیئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مسلم لیگ ق کے  پی ٹی آئی میں انضمام کی خواہش بھی ظاہر کر دی ۔انہوں نے مونس الہٰی کی بے انتہا تعریف کی اور کہا کہ ق لیگ کے بڑوں کوبھی مونس نے ہی راضی کیا، انہیں بتایا کہ مستقبل پی ٹی آئی کے ہی ساتھ ہے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں میڈیا چینل بند کرنے، صحافیوں کو  نوکریوں سے نکالنے اور میڈیا سے زیادتیوں سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں تھا۔