بیجنگ(انٹرنیشنل ڈیسک)چین میں کورونا وائرس سے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 60 ہزار افراد زندگی سےہاتھ دھو بیٹھے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق چین کی حکومت نے دسمبر میں کورونا وائرس کے حوالے سے پابندیاں ہٹانے کے بعد پہلی مرتبہ اموات کی تعداد بتائی ہے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن میں بیورو آف میڈیکل ایڈمنسٹریشن کے مطابق 8 دسمبر 2022 سے 12 جنوری 2023 تک 59 ہزار 938 افراد ہلاک ہوئے۔
یہ تعداد سرکاری اسپتالوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی ہے اور یہ تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
ان میں سے پانچ ہزار 503 اموات براہ راست کورونا وائرس کی وجہ سے اور 54 ہزار 435 اموات کورونا اور دیگر بیماریوں کی وجہ سے ہوئیں
چین نے اس سے قبل کورونا کی وجہ سے ہونے والی اموات کی کیٹیگری تبدیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صرف انہی افراد کی ہلاکت کو شمار کرے گا جو کورونا کی وجہ سانس کی تکلیف میں مبتلا ہو کر ہلاک ہوں گے۔
چینی محکمہ صحت کے حکام نے کہا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی اوسط عمر 80.3 برس ہے جن میں سے 90 فیصد افراد ایسے تھے جن کی عمر 65 برس سے زیادہ تھی۔
>واضح رہے کہ چین میں 60 برس سے زائد عمر کے لاکھوں افراد کو ویکسین نہیں لگائی گئی۔