پشاور(امت نیوز)پولیس اور سی ٹی ڈی نے پشاور میں گزشتہ شب تھانےپرحملے اورپولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث دو دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پشاور ریجن اور ضلع پشاور پولیس نے گزشتہ شب ڈی ایس پی سردار حسین اور دو پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقہ سربند شنواری میں آپریشن کیا۔
سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں کے علاقے میں پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کی جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا ، فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت گل حئی اور حضرت عمر کے ناموں سے ہوئی۔
حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد باڑہ خیبر اور مہمند حال یکہ توت پشاور کے رہائشی تھے۔ سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوئے جبکہ دو سے تین دہشتگرد فرار ہوگئے۔