متحدہ میں دم ہے تو میدان میں رہ کر مقابلہ کرے ۔ حافظ نعیم

کراچی (امت نیوز )میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے ایم کیو ایم میدان میں رہے اور مقابلہ کرے تاکہ انہیں اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو سکے۔ متحدہ کی جانب سے الیکشن کے بائیکاٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا سازش جماعت اسلامی نہیں بلکہ ایم کیو ایم اور ان لوگوں نے کی جو الیکشن رکوانے کیلئے مختلف حربے آزماتے رہے۔ ووٹر لسٹوں اور حلقہ بندیوں پر ہمیں بھی اعتراض تھا لیکن اس کام میں خود ایم کیو ایم اور تحریک انصاف شامل رہی ہیں۔ یہ فضول بات ہے کہ کسی جماعت کے نکل جانے سے انتخابات کی ساکھ متاثر ہوگی جس نے مقابلہ کرنا ہے میدان میں آئے۔اس سوال پر کہ کیا انہیں آج الیکشن والے دن سکیورٹی کے حوالے سے کچھ خدشات ہیں ، حافظ نعیم نے کہا کہ انشاءاللہ ایسا کچھ نہیں ہوگا پولیس رینجرز موجود ہیں جب کہ پاک فوج بھی الرٹ ہے۔ ایم کیو ایم نے بظاہر کہا ہے کہ ہمارے لوگ گھروں پر رہیں گے امید یہی ہے کہ وہ کوئی گڑ بڑ نہیں کریں گے نہ اس پوزیشن میں ہیں۔ اگر ایسا ہوتا تو ماضی کی طرح دھاندلی کرتے اور جیت جاتے۔