PTIکےاجلاس میں شہباز شریف کیخلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی منظور

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت پارٹی قیادت کا زمان پارک لاہور میں ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کیخلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کی منظوری دے دی ہے۔اجلاس میں عام انتخابات، خیبرپختونخوا اورپنجاب میں نگران سیٹ اپ کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں شہباز شریف کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی پرحتمی حکمتِ عملی پربھی بات چیت ہوئی اور مسلم لیگ ن کے متعدد ارکان قومی اسمبلی سے رابطوں پر بھی مشاورت کی گئی۔
پی ٹی آئی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عمران خان نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینےکی حکمت عملی کی منظوری دے دی ہے، عمران خان نےضروری اقدامات کیلئے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کردی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب میں نگران سیٹ اپ کیلئے عمران خان نے کل پرویز الہٰی سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے، زمان پارک میں ہونے والی ملاقات میں نگران سیٹ اپ کیلئے ناموں پرمشاورت ہوگی، عمران خان مشاورت کے بعد پرویز الہٰی کو نگران سیٹ اپ کیلئے نام دیں گے۔
اعلامیے کے مطابق عمران خان نےعام انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی منظوری کا عمل شروع کرنےکی بھی منظوری دے دی، ڈویژنل سطح پر پارٹی سے مضبوط امیدواروں کےنام مانگ لیےگئے ہیں، سفارشات پارلیمانی بورڈ میں پیش کرکے جلد امیدوار فائنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، امیدواروں کو جلدگرین سگنل دے کر انتخابی میدان میں اترنےکی اجازت دے دی جائے گی۔