پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں آئے تو ملک تباہ ہوجائے گا۔
جے یو آئی (ف) کے امیر اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان دوسروں پرالزامات لگاتے اور انہیں چور کہتے ہیں، عمران خان کو اس بات کاافسوس ہے وہ اپنے بیرونی آقاوں کامشن پورا نہیں کرسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کرنے کی پوری کوشش کی، دنیا ہماری مدد کر رہی ہے، عمران خان بتاؤ کہ پاکستان کے دوستوں نے تم پر اعتماد کیوں نہ کیا؟، دنیا کہتی ہےعمران کو پیسے دیں گے تو ضائع ہوجائیں گے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان تم نے خود کو مظلوم ثابت کرنے کیلیے ایک کاغذ کا ٹکڑا لہرایا۔ جس کی بنیاد جھوٹ کے سوشل میڈیا پر ہو وہ ہمیں سچ بتائےگا؟، ان جیسے لوگ اپنے اعمال اور کردار کی وجہ سے بدبودار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سوچ رہا تھا میں اسمبلیاں توڑوں گا تو طوفان آجائے گا، عمران خان دوبارہ اقتدار میں آیا تو یہ ملک تباہ ہوجائے گا۔