میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن نے سندھ حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر ایک گھنٹے کے اندر نتائج جاری نہ کیے گئے تو نہ صرف پولنگ اسٹیشنز کا گھیراؤ کیا جائے گا بلکہ شہر بھر میں دھرنے بھی دیے جائیں گے۔ آئین اور قانون کے مطابق احتجاج کیلئے ہم اپنے تمام حق استعمال کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ جب نتائج مکمل ہو چکے ہیں ، جس نے جیتنا تھا وہ جیت چکا جس نے ہارنا تھا وہ ہار چکا ، پھر رزلٹ جاری کیوں نہیں کیے جا رہے ہیں ؟ ہمیں بار بار کہنے کے باوجود فارم گیارہ اور بارہ نہیں دیے جا رہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہم کسی کو شب خون مارنے دیں گے نہ اپنے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے دیں گے۔
حافظ نعیم نے کارکنوں اور عوام سے کہا کہ وہ فوری طور پر پولنگ اسٹیشنز کے باہر جمع ہو جائیں اور جب تک رزلٹ جاری نہیں کیے جاتے ہم کسی کو باہر جانے نہیں دیں گے۔