اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کرانے پر 271 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کردی۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے سینیٹ کے 21، قومی اسمبلی کے 136 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں سندھ اسمبلی کے 48، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 54 اور بلوچستان اسمبلی کے 12 ارکان کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شوکت ترین،عبدالغفور حیدری، احمد خان، اعظم سواتی، ثانیہ نشتر، اور انوارالحق کاکڑ کی سینیٹ رکنیت بھی معطل کی گئی ہےجبکہ احسن اقبال، تاج حیدر، فواد چوہدری، مراد سعید، زرتاج گل، طارق بشیر چیمہ، نوید قمر،اسد عمراورعمرایوب بھی رکنیت معطل کیے جانے والے اراکین میں شامل ہیں۔
ان کے علاوہ قومی اسمبلی کے معطل کیے گئے اراکین میں اسد قیصر، نورعالم خان، شہریار آفریدی، نور الحق قادری، غلام سرور خان، خواجہ آصف، محسن رانجھا، فہمیدہ مرزا، علی زیدی، شفقت محمود، کنول شوزف اورعندلیب عباس شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق معطل ارکان، قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔علاوہ ازیں معطل ارکان اعتماد کے ووٹ سمیت قانون سازی میں بھی شامل نہیں ہو سکتے۔