لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپسی کا اشارہ دیدیا۔
لاہور میں صحافیوں سےگفتگوکرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم شہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں، نگراں سیٹ اپ کے لیے قومی اسمبلی میں واپس جاسکتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کرلیا ہے، مسلم لیگ ن کے ایم این اے رابطے میں ہیں، یہ بری طرح پھنس گئے ہیں، باجوہ ڈاکٹرائن میں کوئی زیادہ کمی نہیں آئی، رات اسحاق ڈار نے پیٹرول بڑھانا تھا لیکن نہیں بڑھایا، اس کا مطلب ہے کہ اب آئی ایم ایف نہیں آئےگا۔
کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتی، تحریک انصاف کی کراچی میں شکست کی وجہ تنظیم کی کمزوری اورپیپلزپارٹی کی دھاندلی ہے۔
مسلم لیگ ق کے پی ٹی آئی میں انضمام کے سوال پر انہوں نےکہا کہ ق لیگ کا مستقبل تحریک انصاف کے ساتھ ہے، ق لیگ بلے کے نشان پر لڑے گی تو ان کی جیت ہوگی۔