پی ٹی آئی کوقومی اسمبلی میں آنے سےپہلے استعفے واپس لینے ہوں گے،راناثنا

لاہور(امت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف کوقومی اسمبلی میں ویلکم کریں گے لیکن انہیں پہلے اپنے استعفے واپس لینے ہوں گے
عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں واپسی کےعندیئے پر ردعمل میں وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو ویلکم کریں گے، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ اسمبلی میں واپس آئیں، سیاستدان بنیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی واپس آئے تو اسپیکر ان کے استعفے واپس دے سکتے ہیں، یہ ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلا رہے ہیں، پنجاب میں بھرپور الیکشن لڑیں گے۔

خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپسی کا عندیہ دے دیا تھا۔

لاہور میں صحافیوں سےگفتگوکرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم شہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں، نگران سیٹ اپ کیلئے  قومی اسمبلی میں واپس جاسکتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کرلیا ہے، مسلم لیگ ن کے ایم این اے رابطے میں ہیں، پہلے ان کا ٹیسٹ کریں گے پھر اپنی پارٹی میں شامل کریں گے۔