کیلی فورنیا: امریکا کی ریاست کیلی فورنیا میں حملہ آوروں نے گھر میں فائرنگ کرکے چھ افراد کو قتل کردیا۔ مرنے والوں میں چھ ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ سے جاری اطلاعات کے مطابق واقعہ رات ساڑھے تین بجے کیلی فورنیا کے علاقے ویسالیا میں پیش آیا۔ کانؤنٹی شیرف ٹولیرے کا کہنا ہے کہ فیملی کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ہے۔ اس ہولناک قتل عام کے پیچھے منشیات گینگ ملوث ہوسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق حملے میں ملوث دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والے چھ افراد میں سترہ سالہ خاتون اور چھ ماہ کا بچہ بھی شامل ہے، واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کے مطابق دو افراد کی لاشیں گھر کے باہر سڑک سے، جب کہ 17 سالہ ماں کی لاش گھر کے اندر سے ملی۔ ایک شدید زخمی شخص کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ اندوہناک واقعہ پر لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ کون سے جانور نما انسان ہوتے ہیں جو بچوں کو بھی قتل کردیتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں لواحقین نے یہ بھی کہا کہ انہیں ابھی تک یقین نہیں آرہا، یہ سب کچھ اتنا اچانک ہوا کہ ہم سب ابھی تک شاک میں ہیں۔
واضح رہے کہ کیلی فورنیا کا مذکورہ علاقہ گوشین ایک نیم دیہی کمیونٹی ہے جو تقریباً 3,000 رہائشیوں پر مشتمل ہے جو 35 میل (56 کلومیٹر) فریسنو کے جنوب مشرق میں زرعی سان جوکوئن ویلی میں واقع ہے۔