اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
الیکشن کمیشن میں عمران خان ،اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت آج بروز منگل 17 جنوری کو ہوئی۔ وارنٹ گرفتاری کے باوجود عمران خان پیش نہ ہوئے۔
ممبر بلوچستان نے استفسار کیا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کہاں ہیں؟ ممبر کے پی بولے ہائی کورٹ نے وارنٹ معطل کئے ہیں لیکن پیشی سے نہیں روکا، حاضری سے استثنی کی درخواست بھی دائر نہیں کی گئی۔
پی ٹی آئی کے جونیر وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سینیر کونسل موجود نہیں، اس لئے پیش نہیں ہوسکتے۔ معاون وکیل نے کہا کہ فیصل چوہدری اور دیگر وکلاء لطیف آفریدی کے جنازے میں گئے ہیں۔
ممبر الیکشن کمیش نے کہا کہ پیش نہیں ہوں تو ہم وکلا کے وکالت نامے منسوخ کر دیں گے، فریقین تو حاضر ہوں، حاضری کے لۓ آخری موقع دیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 24 جنوری تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہوئے تھے۔