لاہور(امت نیوز)مسلم لیگ ن نے پرویزالہیٰ کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے ناموں سے عدم اتفاق کرتے ہوئے اپنی طرف سے دو نام گورنر کو ارسال کردیئے ہیں
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازکی طرف سے یہ دونوں نام بھجوائے گئے ہیں
ن لیگ کی جانب سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سبکدوش ہونے والے وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ کے بھجوائے گئے ناموں سے متفق نہیں ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز نے نگران وزیر اعلیٰ کے معاملے پر مزید مشاورت کیلئے ملک احمد خان کو نامزد کر دیا ہے۔
ن لیگ کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر احد چیمہ اور سینیئر صحافی محسن نقوی کےنام بھجوائےگئےہیں۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف اور ق لیگ اتحاد کے دیے گئے تین ناموں میں سے ایک ناصر کھوسہ نے نگران وزیراعلیٰ بننے سے معذرت کرلی ہے۔
ن لیگ کے ملک احمد خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار کے سابق صدر احسن بھون سے رابطہ کیا تھا لیکن انہوں نے بھی نگران وزیراعلیٰ بننے سے معذرت کرلی ہے۔
نگران وزیراعلیٰ کیلئے حکومت اپوزيشن کے پاس مشاورت سے معاملہ حل کرنے کا وقت رات 10 بجے تک ہے