لاہور(امت نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہاہے کہ تحریک انصاف میں شامل ہونے سے متعلق ق لیگ کے تمام 10 ارکان پنجاب اسمبلی اور دیگر عہدے دار اپنے حلقوں میں جاکر مشاورت کرکے جواب دیں گے
پرویزالہیٰ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ تحریک انصاف میں ضم ہونے کی صورت میں عمران خان نے انہیں پارٹی صدر بنانے کی پیشکش کی ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی صدر بننے کی دعوت دی ہے لیکن ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نوٹس دینے والوں کو پہلے ہی تکلیف ہوگئی ہے لیکن انہیں موقع نہیں ملے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پرویز الہیٰ کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی رکنیت معطل کردی ، شوکاز میں چوہدری شجاعت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارٹی کا صوبائی صدر پارٹی کو دوسری جماعت میں ضم نہیں کرسکتا،پرویز الہٰی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی وضاحت دیں، مسلم لیگ ق بطورسیاسی جماعت اپنا ووٹ بینک، ڈسپلن، منشور اور ضابطہ رکھتی ہے، پرویز الہٰی کے بیانات پارٹی ضابطے کی خلاف ورزی ہیں