کراچی(اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں سے ڈیڑھ ماہ کے بچے سمیت 3 لاشیں ملیں، جب کہ کرنٹ لگنے سے خاتون اور سر پر وزنی شے گرنے سے مزدور جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد سی ایریا میں فیضان رضا مسجد کے قریب گھر میں ڈیڑھ ماہ کا بچہ فاضل پراسرار طور پرجاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق متوفی کے والدین کے درمیان ناراضگی ہے۔ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ جھگڑے کے دوران بچے کی موت ہوئی،تاہم بعد ازاں اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بچے کی موت طبعی ہے۔وہ بیمار تھا۔اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا اور لاش لیکر چلے گئے۔ پیرآباد کے علاقے کٹی پہاڑی قصبہ اسلامیہ کالونی کے قریب گھر سے ایک شخص کی 2 روز پرانی لاش ملی۔متوفی کی شناخت 48 سالہ محمد نعیم کے نام سے ہوئی، تاہم فوری طور پر وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی۔
ملیربکرا پیڑی غازی ٹاؤن آغا ہوٹل کے قریب فٹ پاتھ سے ایک شخص کی لاش ملی۔پولیس حکام کے مطابق متوفی کی عمر 50 سے 55 سال کے درمیان ہے۔پیرآباد کے علاقے پٹھان کالونی کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے 28 سالہ شبانہ زوجہ شربت خان جاں بحق ہوگئی۔سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا میں واقع کمپنی میں کام کے دوران سر پر وزنی چیز گرنے سے مزدور جاں بحق ہوگیا۔
عباسی اسپتال میں متوفی کی شناخت 52 سالہ شربت خان ولد گُل شاہ خان کے نام سے ہوئی۔سہراب گوٹھ سے ماڑی پور جانے والی تیز رفتار گاڑی گلشن اقبال بلاک ٹو لیاری ایکسپریس وے پر بےقابو ہوکر حفاظتی جنگلا توڑتے ہوئے نیچے گرگئی۔حادثے میں 2 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں ،جب کہ گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔