کراچی: بلدیاتی انتخابات میں کراچی میں جماعت اسلامی کی واضع کامیابی کے بعد پی ٹی آئی نے میئر شپ کیلیے حافظ نعیم الرحمٰن کی غیر مشروط حمایت کر دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہماری غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فون کرکے تحفظات کا پوچھا ہے، شاہ صاحب نے فون کیا تو ان کو بتایا ہمارا مسئلہ کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کہا ہے کہ نتائج کے مسئلے کو حل کریں،انہیں بتایا ہے کہ ہمارے پاس رزلٹ موجود ہیں، جو رزلٹ موجود ہیں انہیں جاری ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ بات چیت کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، بات چیت ہوتی ہے لیکن مسائل بھی حل ہونا چاہئیں، 3 سیٹوں کے آر او کے رزلٹ الیکشن کمیشن اپ ڈیٹ نہیں کر رہا۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ سب دوستوں سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، وزیرِ اعلیٰ سندھ سے ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنے کا کہا ہے۔