اسلام آباد(امت نیوز)عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر اپنی پٹیشن واپس لینے کےلیے درخواست دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے آرڈر کی قانونی حیثیت لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج ہے، معاملہ لارجربینچ کے سامنے زیر التوا ہے۔ جابرعباس نامی شہری نے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی سے متعلق معاملہ زیرالتوا ہونے پر درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کی جائے۔
درخواست کے متن کے مطابق اس عدالت میں صرف 21 اکتوبر کے الیکشن کمیشن فیصلے کو چیلنج کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ میں فل بینچ بننے کے بعد اس عدالت سے درخواست واپس لینے کی استدعا ہے۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن عدالت سے چھپانے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
عدالت نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن کو چھپانے سے متعلق کل جواب طلب کر رکھا ہے۔