کراچی(امت نیوز)بلوچستان کی سرد ہواؤں نے پھر کراچی کا رخ کرلیا۔ یخ بستہ ہواؤں سے شہرقائد میں سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں گذشتہ روز داخل ہونے والے ہواؤں کے نئے مغربی سلسلے کے شہر پر اثرات پڑنے شروع ہوگئے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہر میں معمول سے تیز شمال مشرقی بلوچستان یخ بستہ ہوائیں چلنا شروع ہوئیں، جس کا سلسلہ پورے دن جاری رہا، ہواؤں کی رفتار ابتدا میں 20 کلومیٹر فی گھنٹہ جب کہ رات کے وقت 30 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔
شہر کے مضافات سمیت چندعلاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں، تیز ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعے کو ہواؤں کی رفتار معتدل رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق 22 اور 23 جنوری کے درمیان سرد ہوائیں ایک مرتبہ پھر سردی کا سبب بن سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس دوران کم سے کم پارہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوسکتا ہے، سردی کی نئی ایک ہفتہ جاری رہ سکتی ہے۔