خیبرمیں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ،3اہلکارشہید

پشاور(امت نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں تختہ بیگ چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔دہشت گرد نے پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ کی اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضاء اور دیگر شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔
ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر عمران خان نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، پولیس کے الرٹ رہنے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن کردیا گیا
قائم مقام وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کی اور جائے وقوعہ پر اضافی نفری بھیجنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ خودکش حملے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے شہید ہونے والے اہلکاروں کی درجات بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و تحمل کی دعا بھی کی۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے مسلم ڈھنڈ میں دہشت گردوں نے ایف سی چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ دستی بم چیک پوسٹ کے قریب گر کر پھٹا۔