واضح برتری کے باوجود نتیجے کا اعلان نہیں کیاجارہا،یوسی امیدوار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹاﺅن کی یونین کونسل نمبر پانچ سے   چیئرمین کے امیدوار محمد رمیض اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی واضح برتری کے باوجود ان کی جیت کے نتیجے کا اعلان نہیں کیا جارہا اور مسلسل ٹال مٹول کی جارہی ہے

، انہوں نے انتخابی عملے کی طرف سے جاری کئے جانے والے فارم نمبر گیارہ کے مرتب نتائج امت کو دکھاتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یونین کونسل نمبر پانچ کے وارڈ ایک، دو اور تین سے واضح برتری حاصل کی اور وارڈ نمبر چار میں حریف امیدوار دلدار احمد کے مقابلے میں کم ووٹ حاصل کیے اس کے باوجود ان کے مجموعی ووٹ ایک ہزار سات سو نوتھے جبکہ مخالف امیدوار دلدار احمد نے مجموعی طور پر ایک ہزار تین سو سولہ ووٹ حاصل کیے ۔

انہوں نےکہا کہ یہ نتائج خود انتخابی عملے نے ہر پولنگ اسٹیشن سے مرتب کرکے فراہم کیے ہیں جن کے مطابق مجھے مجموعی طور پر تین سو ترانوے ووٹوں کی برتری حاصل ہے

رمیض اعوان کے مطابق ریٹرننگ افسر سے لے کر حتمی مجاز اتھارٹی تک وہ رجوع کرچکے ہیں اور احتجاج بھی کرچکے ہیں لیکن کوئی معقول وجہ کے بغیر نتائج کا اعلان نہیں کیا جارہا ۔ خدشہ ہے کہ نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جارہی ہے۔