ڈگری (نمائندہ امت) ڈگری میں مذبح ویران ہونے سے سڑکوںاور چوراہوں پر جانور ذبح کر کے گوشت فروخت ہونے لگا، جو وٹرنری ڈاکٹر کی تصدیق اور معائنے کے بغیر عوام کو کھلایا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈگری میں بکرے اور گائے مین سڑکوں چوراہوں اور گھروں پر ذبح کرکے گوشت فروخت کیا جانے لگا ڈگری کے شہری جو گوشت کھا رہے ہیں اس کا معیار کیا ہے اس کی ذمہ داری لینے کے لیے کوئی بھی ادارہ تیار نہیں، اس سلسلے میں جب صحافيوں نے قصابوں سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ڈگری میں قائم مذبح میں سہولیات کا فقدان ہے جبکہ صفائی ستھرائی کی صورتحال ابتر ہے جس کے باعث جانوروں کو سڑکوں پر ذبح کرنے پر مجبور ہیں.
شہر میں قصابوں کی تعداد زیادہ جبکہ مذبح میں گنجائش کم ہے اگر شہر کے تمام قصاب بیک وقت یہاں جانور ذبح کرنے لگیں تو روز لڑائی جھگڑے ہوں گے۔ وٹرنری ڈاکٹر سے جب اس حوالے سے معلومات حاصل کی گئیں تو ڈاکٹر رازق حسین لغاری نے بتایا کہ ڈگری میں جانور مذبح پر ذبح ہی نہیں کیے جا رہے تو میں کس طرح ان جانوروں کی صحت کے بارے میں تصدیق کر سکتا ہوں، ٹاؤن کمیٹی ڈگری مجھے سلاٹر الاؤنس اور سامان مہیا کرے اسسٹنٹ کمشنر ڈگری مجھے اس حوالے سے لیٹر جاری کریں جانوروں کو سلاٹرہاؤس میں ذبح کرنے کے لئے قصابوں کو پابند کیا جائے تو میں اگلے دن سے ہی کارروائی کا آغاز کردوں گا .
جب صحافيوں نے ایڈمنسٹریٹر ڈگری ممتاز علی چنا سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا ٹاؤن کمیٹی کی جانب سے مذبح مکمل طور پر فعال اور درست حالت میں ہے وہاں صفائی ستھرائی کے لیے سویپر موجود ہے ٹاؤن کمیٹی کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی نہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر ڈگری سے بات کی جائے گی کہ وہ قصابوں کو پابند کریں کہ وہ مذبح میں جانوروں کو ذبح کریں، اس تمام تر صورتحال میں اسسٹنٹ کمشنر مسلسل شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے منظرنامے سے غائب دکھائی دیتے ہیں۔