سپریم کورٹ نے خصوصی افراد کیلئے لفظ معذور استعمال کرنے پرپابندی لگادی

اسلام آباد(امت نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے خصوصی افراد کےلیے لفظ معذور استعمال کرنے سے روک دیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اس حوالے سے 8 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ پنجاب میں ملازمتوں میں اقلیتوں اور خصوصی افراد کے کوٹے سے متعلق کیس میں دیا ۔

عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن  خصوصی افراد کے لیے معذور جیسے الفاظ استعمال نہ کرے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ خصوصی افراد کو دفاتر تک رسائی میں مشکلات ہوتی ہیں، ریاست خصوصی افراد کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ کرے۔

عدالت عظمیٰ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کی آبادی مجموعی آبادی کا 3 فیصد ہے، قومی پرچم میں بھی اقلیتوں کی نمائندگی کی واضح جھلک ملتی ہے۔

سپریم کورٹ کا فیصلے میں کہنا تھا کہ قائداعظم بھی مختلف مواقع پر اقلیتوں کے حقوق پر زور دیتے رہے، آئین نے اقلیتوں کو مکمل مذہبی، معاشی اورسماجی تحفظ دے رکھا ہے۔