اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی حکومت نےمعاشی مسائل کے باعث اخراجات پر قابو پانے کے لیے اقدامات شروع کردیے۔ مالیاتی نظم و ضبط اورکفایت شعاری کے لیے15رکنی کمیٹی قائم کردی گئی
نوٹیفکیشن کے مطابق سابق پرنسپل سیکریٹری ناصر محمود کھوسہ کو کفایت شعاری کمیٹی کاکنوینر مقرر کیاگیا ہے۔وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا شریک کنوینر ہوں گی
کمیٹی ارکان میں زبیر خان، قیصر بنگالی، فرخ سلیم، گورننس اسپیشلسٹ محمد نوید افتخار، معاون خصوصی خزانہ، مشیر اسٹیبلشمنٹ، معاون خصوصی حکومتی کارکردگی کمیٹی، چیئرمین سی ڈی اے، خزانہ، کابینہ، پاور اور ہاؤسنگ کے سیکریٹریز اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت خزانہ کمیٹی کےلیے سیکریٹریل سپورٹ فراہم کرے گی جبکہ یہ کمیٹی 15 دن میں وزیراعظم کو سفارشات دے گی۔
حکومت نے اس موقع پر قومی کفایت شعاری کمیٹی کے ٹی او آرز بھی جاری کردیے ہیں۔ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی سرکاری اخراجات میں کمی، مالی نظم و ضبط کی سفارشات پیش کرے گی۔
کمیٹی سرکاری وسائل کی بچت کے لیے اقدامات تجویز کرنے کے ساتھ حکومتی حجم میں کمی اور اسٹرکچرل اصلاحات کی سفارشات بھی مرتب کرے گی۔