پشاور(امت نیوز)خیبرپختونخوا میں نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کا معاملہ طے پاگیا ۔ صوبائی اور اپوزیشن نے سابق چیف سیکریٹری اعظم خان کے نام پر اتفاق کرلیا ہے
صوبائی حکومت اور اپوزیشن مشاورت کے بعد سابق چیف سیکریٹری اعظم خان کو نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنانے پر متفق ہوگئی ہیں
نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے سلسلے میں وزیراعلیٰ محمودخان اوراپوزیشن لیڈر اکرم درانی کے درمیان مشاورت کا آج آخری روز تھا، جس کے لیے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی اسپیکر ہاؤس پہنچے اور حکومت سے مذاکرات کیے۔
مذاکرات میں وزیراعلی محمود خان، پرویز خٹک، اسپیکر مشتاق غنی موجود تھے۔ فریقین نے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے ناموں پر غور کیا اور باہمی مشاورت و رضامندی سے سابق چیف سیکریٹری کو نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنانے کی مںظوری دی۔
مذاکرات کے بعد حکومتی کمیٹی کے ساتھ مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق کے لیے سمری بھیجی تھی، خیبر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگران وزیراعلی کے نام پر اتفاق ہوگیا، ذرائع کے مطابق اعظم خان کا نام اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق عمران خان نے اعظم خان کے نام پر مشاورت کی اور پھر انہیں نگراں وزیراعلیٰ بنانے پر اتفاق کیا۔
اعظم خان کون ہیں؟
محمد اعظم خان کا حکومت پاکستان میں سرکاری ملازم کی حیثیت سے طویل کیریئر رہا ہے۔ وہ وزیر خزانہ، منصوبہ بندی اور ترقی کے محکمے، حکومت خیبر پختونخوا (کے پی) اور وفاقی سیکرٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکرٹری وزارت مذہبی امور کے طور پر کام کر چکے ہیں
اس سے قبل وہ کے پی حکومت میں اہم عہدوں پر فائز رہے جہاں انہوں نے چیف سیکرٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکرٹری کے طور پر کام کیا۔ اعظم خان کی تعلیم پشاور یونیورسٹی سے ہوئی، جس کے بعد وہ بار ایٹ لاء کی ڈگری مکمل کرنے کے لیے لندن گئے۔