کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹائون پولیس نے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے سرائیکی گروہ کے 2 کارندوں کو مقابلے میں مار ڈالا۔ملزمان گھروں میں ڈکیتیوں کی متعدد اور سو سے زائد اسٹریٹ کرمنل کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح سرجانی ٹائون کے علاقے روزی گوٹھ نزد چارمینار کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلے میں 2 ملزمان ہلاک اور ان کے ساتھی فرار ہوگئے۔ملزمان سے مسروقہ سامان،2 نائن ایم ایم پستول اورایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ایس ایچ او یاسین گجر نے بتایا کہ ایک ہلاک ملزم کی شناخت اختر کے نام سے ہوئی،جب کہ دوسرے کی شناخت نہیں ہوسکی۔ملزمان کا تعلق سرائیکی گروہ سے ہے،جو ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال، طارق روڈ سمیت دیگر پوش علاقوں میں گھروں میں ڈکیتیاں کرتے تھے۔
دو روز قبل سرجانی سیکٹر فائیو ڈی میں عبید نامی شخص کے گھر میں 4 سے زائد ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کی تھی۔عبید نے ملزمان کو شناخت کرلیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق پولیس کے پاس ہلاک ڈاکو اختر کی تصویر تھی،جس کو مخبروں کی مدد سے تلاش کیا جارہا تھا۔ہلاک ملزم اختر کا تعلق راجن پور سے معلوم ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مذکورہ گروہ گھروں میں ڈکیتی کی واردات کے دوران خواتین سے نازیبا حرکت بھی کرتےتھے،جبکہ ملزمان اسٹریٹ کرائم کی سو سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے،جس میں کئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزم اختر کو مخبروں نے بھی شناخت کیا تھا جبکہ ان کے دو ساتھی بھی پہلے پولیس مقابلوں میں مارے جاچکے ہیں۔