کراچی( اسٹاف رپورٹر )اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی ٹیم نے بینکوں اے ٹی ایمز سے کیش لوٹنے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کے ایک زخمی ملزم سمیت 4ملزم پکڑے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے مبینہ ٹاؤن اور گلستان جوہر سے تین اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کر لیے۔گرفتار ملزمان میں کامران منگی ولد محمد افغان،عبدالرزاق ولد محمد اسماعیل اور محمد اکرم عرف اکرام ولد محمد رمضان شامل ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بینکوں اور اے ٹی ایم سے کیش لیکر نکلنے والے لوگوں کو لوٹنے والے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بینکوں/ اے ٹی ایمز کیش کے علاوہ کئی دیگر اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ ملزم عبدالرزاق بینک کے اندر جاکر کیش لیکر نکلنے والے اشخاص کی نشاندھی کرتا ہے۔
ملزمان نے رواں ماہ بھی سہراب گوٹھ اور گلشن اقبال میں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے،ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور متعدد بار گرفتار ہور جیل جاچکے ہیں۔ملزم کامران منگی ڈکیتی کے مقدمات میں دو مرتبہ عدالتوں سے سزا یافتہ ہے،ملزمان عبدالرزاق اور محمد اکرم عرف اکرام نے صوبہ پنجاب میں وارداتوں اور گرفتاری کا انکشاف کیا ہے۔گرفتار ملزمان سے 3 عدد پستول برآمد کئیے گئے ہیں۔ناجائز اسلحہ کی برآمدگی پر ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گۓ ہیں۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
علاوہ ازیں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل سٹیڈویژن نے کاروائی کرتے ہوئے کراچی سے کاریں چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں کراچی پولیس کو انتہائی مطلوب بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کے ایک زخمی ملزم جواد علی ودھو سمیت چار ملزمان کو کے ڈی اے آفیسرز کالونی،مسلم آباد علاقہ تھانہ جمشید کواٹر سے پولیس مقابلہ کے بعد گرفتارکر کے ایک سرقہ شدہ کار اور تین پستول بر آمد کر لئیے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر تے ہوئے فرار ہونے کی کو شش کی،ملزمان عادی جرائم پیشہ اور کراچی سے کاریں چھیننے / چو ری کر نے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ملزم جواد علی ودھو اس سے پہلے بھی اے وی ایل سی کے 9 مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے جس کا سابقہ ریکارڈ موجود ہے۔ملزمان کے دیگر ساتھی ملزمان اور مزید گاڑیوں کی برآمد گی کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان میں جواد علی ودھو ولد دیدار علی ودھو ،محسن علی ابڑو ولد منظور علی ابڑو،مصور علی لاڑک ولد مظہر علی لا ڑک اور شہزاد ابڑو ولد مصطفی ابڑو شامل ہیں،ملزمان سے برآمد کار نمبر ADW-572 سوزوکی آلٹو تھانہ سمن آباد سے سرقہ ہے جس کا مقدمہ الزام نمبر269/2020ہے،ملزمان کے خلاف برآمدہ اسلحہ اور پولیس مقابلہ کا مقدمہ تھانہ جمشید کواٹر میں درج کر لیا گیا ہے۔