پولیس اہلکار جعلی کرنسی پھیلانے میں ملوث نکلا ، ساتھیوں سمیت گرفتار

ڈہرکی(نمائندہ امت) ڈہرکی پولیس نے جعلی کرنسی کا کاروبار کرنے میں ملوث پولیس اہلکار اور اسکے 7 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا،77 ہزار مالیت کے جعلی نوٹ اور 2 کاریں برآمد، مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈہرکی میں پولیس کی مدد سے جعلی کرنسی کا کاروبار کرنے کا انکشاف ہوا ہے، اس سلسلے میں خیرپور پولیس کے اہلکار خواجہ مظہر علی کو ڈہرکی پولیس نے اس کے دیگر سات ساتھیوں خمیسو پھوڑ، عبدالستار پھوڑ، سکندر پھوڑ، عاطف سیال، جمال الدین سیال، نصر چانڈیو اور سکندر شاہ سمیت گرفتار کرکے 77 ہزار مالیت کے جعلی نوٹ اور2 کاریں بھی برآمد کرلیں،جبکہ ایک ساتھی نور الدین عرف نور احمد فرار ہوگیا،ڈہرکی تھانے کے ایس ایچ اور انور شر نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کاروائی کی گئی، جعلی کرنسی کے کاروبار میں خیرپور پولیس کا ایک اہلکار بھی ملوث ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان ڈہرکی میں جعلی کرنسی سپلائی کرنے کے ارادے سے آئے تھے، خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا ہے، جن سے کرنسی اور کاریں بھی برآمد کی ہیں، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، دوسری طرف ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق ضلع خیرپور اور شکارپور سے ہے جوکہ سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں لاکھوں روپے کی جعلی کرنسی سپلائی کرتے ہیں۔