پنجاب کی معروف روحانی شخصیت لاکھوں مریدوں کے ساتھ پی ٹی آئی میں شامل

سرگودھا ( اُمّت نیوز  ) پنجاب کی معروف روحانی گدی بھیرہ شریف سرگودھا کے گدی نشین پیر محمد امین الحسنات شاہ اپنے بھائیوں اور ہزاروں مریدوں ساتھ پاکستا ن تحریک انصاف میں شامل ہوگئے جو مسلم لیگ ن کے لئے پنجاب میں ایک بڑا جھٹکا ہے،

مسلم لیگ ن کے سابق وفاقی وزیر پیر امین الحسنات کے ملک کے اندر اور بیرون ملک ہزاروں مرید ہیں جو اپنی روحانی عقیدت کے علاوہ گہری سیاسی وابستگی بھی پیر امین الحسنات اور بھیرہ شریف کی گدی  کے ساتھ رکھتے ہیں۔ پیر آف بھیرہ کے اس فیصلے کا براہ راست اثر سرگودھا ڈویژن کے تمام انتخابی حلقوں پر پڑے گا۔ عوامی حلقوں کے مطابق پیر امین الحسنات  کے اس فیصلے سے تحریک انصاف کو بڑی سیاسی تقویت ملے گی جبکہ ن لیگ کو ناقابل  تلافی نقصان ہوگا۔

پیر محمد امین الحسنات نے اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اورعوامی خدمت کا سلسلہ اب عمران خان کی قیادت میں جاری رہے گا اور آئندہ الیکشن میں کامیابی کے بعد ملک کے تمام امور ریاست مدینہ کے مطابق چلانے کی کوشش کی جائے گی، قومی آزادی اور ملک میں اسلامی تعلیمات کے مطابق نظام حکومت چلانا ہماری ترجیح ہے۔

خانوادہ بھیرہ شریف کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی بہت بڑی تقریب بھیرہ شریف میں ہوئی جس میں تحریک انصاف کے مرکزی صدر شاہ محمود قریشی، مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر مرکزی نائب صدر فواد چوہدری شمالی پنجاب کے صدر ،سابق وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری پی ٹی آئی کے دیگر مرکزی قائدین اور بھیرہ شریف کے ہزاروں مریدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھیرہ کی روحانی گدی سے اندرون وبیرون ملک لاکھوں افراد وابستہ ہیں جن کی تحریک انصاف میں شمولیت پاکستان کو آزاد ریاست بنانے کی ہماری جدوجہد میں بڑی معاون ثابت ہوگی اور ہم پیر امین الحسنات پیر فاروق بہاوالحق اور ان کے بھائیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہماری مرکزی قیادت کی بھیرہ شریف آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم پیر صاحبان کی اپنی تحریک میں شمولیت پر کتنے خوش ہیں۔ ہم ان شاءاللہ مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے۔ سابق وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات نے اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خدمت اور عوام کی فلاح و بہبود ہمارا ہمیشہ سے مشن رہا ہے اسی جذبے کے تحت ہمارے مدارس، یونیورسٹی اور ہسپتال عوامی خدمت کر رہے ہیں۔ ہماری سیاست کا مقصد بھی اسلامی معاشرے کی تشکیل اور عوامی خدمت ہے، اسی جذبے کے تحت عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماری دعا ہے کہ عمران خان کی قیادت اور راہنمائی میں پاکستان میں ریاست مدینہ کا حقیقی نظام  نافذ ہو۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پیر امین الحسنات کی تحریک انصاف میں شمولیت خوش آئند اور ہم ملک کو حقیقی آزادی دلائیں گے۔ اس موقع پر ایک بڑی عوامی تقریب  بھی منعقد کی گئی جس میں پیر صاحب کے ہزاروں مریدوں اور ووٹرز نے شرکت کی۔ تمام مہمانوں کی تواضع پر تکلف کھانے سے کی گئی۔ پیر آف بھیرہ شریف کی تحریک انصاف میں شمولیت کی تقریب کے بعد پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین نے پیر امین الحسنات کے زیر انتظام چلنے والی دارالعلوم جامعہ محمدیہ غوثیہ کا دورہ کیا جہاں اندرون و بیرون ملک کے ہزاروں طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں، اس دورے کے دوران ایک بریفنگ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا کہ حفظ قرآن دینی و دنیاوی عصری تعلیم کے علاوہ کمپیوٹر و جدید سائنسز کی  تعلیم ہزاروں طلبہ اور طالبات مفت حاصل کر رہے ہیں ان طلبہ و طالبات کے لئے مفت تعلیم کے علاوہ مفت رہائش کی سہولت بھی موجود ہے اور کثیر منزلہ الگ الگ ہوسٹل تعمیر کئے گئے ہیں۔ بھیرہ بھلوال اور حلقے کے عوام نے پیر صاحب کے اس فیصلے کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا ہے۔