کون کرپٹ، جھوٹا اور نااہل ہے، وفاقی وزیر خزانہ (فائل فوٹو)
کون کرپٹ، جھوٹا اور نااہل ہے، وفاقی وزیر خزانہ (فائل فوٹو)

عمران خان 18ارب کا خسارہ چھوڑ کرگئے،مفتاح اسماعیل

کوئٹہ (امت نیوز)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک اس وقت 50 ہزار ارب روپے کا مقروض ہے، ہمیں ہر برس 20 ارب ڈالر دینے ہیں۔ روزگار صرف بلوچستان کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔

کوئٹہ میں پاکستان کے تصور نو پر قومی ڈائیلاگ سے خطاب میں مفتاح اسماعیل کہا کہ  ہمیں سوچنا ہوگا کہ وہ پاکستان کیسے بنائیں جو سب کےلیے اچھا ہو۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پچھلے سال عمران خان 18 ارب کا خسارہ چھوڑ کر گئے تھے، ملک میں 8 کروڑ افراد غربت میں رہ رہے ہیں۔پاکستان کو عزت دار قوم بننے کےلیے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا پڑے گا، ہر پاکستانی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم 2 ہزار ارب روپے سے زائد تعلیم پر خرچ کرتے ہیں، ہمیں اسکولوں کا نظام بہتر کرنا ہوگا، ہمیں یہ تصور کرنا ہے کہ پاکستان میں بچوں کو اچھی تعلیم حاصل ہو۔

ان کا کہنا تھاکہ ایسی کیا وجہ ہے لوگ غریب ہیں، یہ دیکھنا ہے ہم کس روش پر جارہے ہیں، 60 فیصد پاکستانی ایسے ہیں جن کی آمدنی 35 ہزار روپے سے کم ہے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہر پاکستانی کی آمدنی بڑھانا ہے، ہم ایسا کیوں نہیں کرتے کہ لوگوں کا اچھا معاش ہو، ہمیں یہ تصور کرنا ہے کہ ہر شخص کی آمدنی 1 لاکھ روپے ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک زرعی ملک ہے، غلطی کسان کی نہیں بلکہ پالیسی سازوں کی ہے، یہ کیوں نہیں سوچتے کہ ملک میں صحت کے تمام مواقع اور سہولیات ہوں، ہم ملک میں ہم آہنگی اور محبت کو بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے اس سال بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ میں 400 ارب روپے ملیں گے۔