لاہور(امت نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نےکہا ہےکہ پنجاب حکومت نے سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ارب روپےکے فنڈز رکھے۔ سیلاب متاثرین کا ڈیٹا مانگا تو سندھ حکومت نے جواب تک نہیں دیا
لاہور میں وزیراعلیٰ سے پنجاب احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے پروگرام پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
چوہدری پرویز الہٰی نے مستحق افراد کی مدد کے لیے ڈاکٹر ثانیہ نشترکی خدمات کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب احساس پروگرام کے ذریعے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے مثالی کام کیا گیا ہے، امید ہےکہ احساس پروگرام اور سیلاب متاثرین کی بحالی جاری رہےگی۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز رکھے ہیں لیکن سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کا ڈیٹا نہیں دیا، ایک ارب روپےکی فراہمی کے لیے خط کا جواب بھی سندھ حکومت نے نہیں دیا، سندھ کےمتاثرین کے لیے عمران خان کی ہدایت کے مطابق ایک ارب روپے دینا چاہتے ہیں،حکومت پنجاب اور متعلقہ ادارے ہر طرح سے سندھ حکومت سے رابطہ کر چکے ہیں۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کو سیلاب متاثرین کے لیےکوئی پیسا نہیں دیا۔