حیدرآباد(امت نیوز)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے عوامی حقوق کی جدوجہد کے نام پر سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا۔ کنوینرایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عوام کے حقوق کے لیے سڑکوں پر آکر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے
حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کے ذریعے نہیں سیاسی جوڑ توڑ سے میئر کا انتخاب ہو رہا ہے۔ مردم شماری کئی بار غلط ثابت ہوئیں، غلط مردم شماری کرنے والوں کو سزا ملی لیکن مردم شماری ٹھیک نہیں کی۔ 1972 کی مردم شماری میں دھاندلی ثابت ہوئی تھی۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے انتخابات سے دستبردار ہو کر سازش کو ناکام بنا دیا ہے، پری پول رگنگ کے ذریعے شہر کو کسی اور کا ثابت کرنے کی کوشش کی گئی۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج تک بلدیاتی انتخابات کا رزلٹ فائنل نہیں ہوا۔کراچی میں امن ہماری وجہ سے ہے، آج کوئی نو گو ایریا نہیں۔