محسن نقوی

پی ٹی آئی نے محسن نقوی کی تقرری مسترد کردی

الیکشن کمیشن نے اس بار بھی مایوس نہیں کیا۔فواد چوہدری کا طنز۔فیصلے کو چیلنج بھی کریں گے اور احتجاج بھی کریں گے،اسد عمر

 

لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے محسن نقوی کی پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کو مسترد کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ محسن نقوی جیسے متنازع شخص کو وزیراعلیٰ مقرر کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس بار بھی مایوس نہیں کیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کارکنان تیاری کریں عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ محسن نقوی کی بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تقرری آئین کے ساتھ مذاق ہے ، الیکشن کمیشن کےاس فیصلے کو چیلنج کریں گے اور اس کےخلاف احتجاج بھی  کریں گے

مسلم لیگ ق کے رہنما اور پی ٹی آئی کے اتحادی چوہدری پرویز الہیٰ نے محسن رضا نقوی کی بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تقرری کو سپریم کورٹ چلینج کرنے کا اعلان کردیا ہے

پرویزالہیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ متنازع اور ہر اصول و ضابطے کے خلاف ہے۔


انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ حارث اسٹیل کیس میں 35 لاکھ روپے کی پلی بارگین کرنے والے شخص سے کیسے انصاف کی توقع کی جا سکتی ہے.میرا قریب ترین رشتے دار کیسے نگران وزیراعلیٰ بن سکتا ہے.الیکشن کمیشن کا متنازع فیصلہ ہر اصول اور ضابطے کے خلاف ہے. الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں