راولپنڈی (امت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم راولپنڈی ایکسپریس سے خود کو علیٰحدہ کر لیا ہے اور اگر ان کی کہانی شامل کی گئی تو وہ قانونی کارروائی کریں گے ۔
انسٹاگرام پر جاری پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ، میں سب کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ کئی ماہ غور و خوض کے بعد میں نے فلم "راولپنڈی ایکسپریس” اور اس کے میکرز سے خود کو الگ کر نے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنی مینجمنٹ اور قانونی ٹیم کے ذریعے میں نے معاہدہ ختم کردیا ہے۔
شعیب اختر نے مزید لکھا کہ یقینا یہ ایک ڈریم پروجیکٹ تھا اور میں نے اس میں شامل رہنے کیلئے کافی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے چیزیں بہتر نہ ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ احسن طریقے سے اختلافات حل کرنے میں ناکامی اور معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں کے باعث بالآخر مجھے ان کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے پڑے۔
شعیب اختر نے خبردار کیا کہ اگر فلم میکرز نے بائیوگرافی فلم پر کام جاری رکھا اور اس میں میرا نام یا میری زندگی کی کہانی کسی بھی طرح استعمال کی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔