بیجنگ(انٹرنیشنل ڈیسک)چین کی 80فیصد آبادی کورونا وبا کا سامنا کرچکی ہے ۔ یہ دعویٰ چین کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے وبائی امراض کے شعبے کے سربراہ وو زیون یو نے سوشل میڈیا سائٹ ویبو کی ایک پوسٹ میں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ چین میں ہر 10 میں سے8 افراد کووڈ 19 کا شکار ہوچکے ہیں
ان کا یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا جب چین میں نئے قمری سال کے آغاز پر تعطیلات کے دوران کووڈ 19 پھیلنے کے خدشات سامنے آرہے ہیں
وو زیون یو نے ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ممکن نظر نہیں آتا کیونکہ پہلے ہی ایک ارب 40 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک میں بہت زیادہ افراد اس بیماری کا سامنا کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے 2 سے 3 ماہ کے دوران بڑے پیمانے پر کووڈ 19 کے دوبارہ پھیلنے کے امکانات بہت کم ہیں۔
اس سے قبل یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ چین بھر میں 13 سے 19 جنوری کے دوران کورونا سے تقریباً 13 ہزار نئی اموات ریکارڈ ہوئیں، ان اموات میں گھروں پر ہونے والی ہلاکتیں شامل نہیں ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد سے چین کے اسپتالوں میں کورونا مریضوں کا رش لگ گیا ہے جس کیلئے ماہرین پہلے ہی خبردار کرچکے ہیں کہ چین میں کووڈ 19 کی لہرعروج پر ہے