سابق صدر اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے محسن رضا نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقررکرنےکےفیصلےکا خیرمقدم کیا ہے اور اسے بہترین انتخاب قرار دیا ہے۔
سابق صدر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو بھیجےگئے 4 ناموں میں سے محسن نقوی بہترین انتخاب ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہکہ محسن نقوی ایک سیلف میڈ انسان ہیں، ان کے تعلقات تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہیں، انہوں نے کبھی الیکشن لڑا نہ کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ بنے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ محسن نقوی پر اعتراضات کرنے والے بتائیں کہ اگر ارشاد احمد حقانی اور عارف نظامی جیسے قابل احترام صحافی نگران حکومتوں کا حصہ بن سکتے ہیں، اسی طرح نجم سیٹھی نگران وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں تو محسن نقوی اس عہدے کے لیے موزوں کیوں نہیں ہیں ؟
آصف زرداری نے توقع ظاہر کی کہ محسن نقوی بہت جلد اپنے حسن کردار ،کارکردگی اور قابلیت سے ناقدین کے منہ بند کر دیں گے۔
دریں اثنا محسن نقوی نے پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔گورنر ہاؤس لاہور میں حلف برداری کی تقریب ہوئی، گورنر بلیغ الرحمان نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔