نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہونے سے ملک بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن، بحالی کی کوششیں جاری: وزارتِ توانائی
نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب معطل ہوئی، کراچی شہر کا 90 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہے، جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ان میں گلستان جوہر، گلشن جمال، راشد منہاس روڈ، رونگی، ملیر، قیوم آباد، اولڈ سٹی ایریا اور دیگر علاقے شامل ہیں۔
کے ای ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ میں خلل بریک ڈاؤن کا ممکنہ سبب ہے، بجلی کی مکمل بحالی میں 5 سے 6 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
کراچی واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاون کے باعث شہر کو پانی کی پمپنگ بھی متاثر ہوئی ہے۔
گڈو سےکوئٹہ آنے والی بجلی کی دونوں ٹرانسمشن لائنیں ٹریپ کرگئیں
بلوچستان کے تمام اضلاع میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے اور اس حوالے سے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) حکام کا بتانا ہے کہ گڈو سےکوئٹہ آنے والی بجلی کی دونوں ٹرانسمشن لائنیں ٹریپ کرگئیں جس کی وجہ سے صوبے کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آج صبح 7:34 پر نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہوئ جس سے بجلی کے نظام میں وسیع بریک ڈاؤن ہوا
سسٹم کی بحالی پر کام تیزی سےجاری ہے— Ministry of Energy (@MoWP15) January 23, 2023
کیسکو چیف کا کہنا ہے کہ گڈو اور ڈی جی خان سے آنے والی سپلائی لائن ٹرپ کرگئیں جس کے باعث پورا بلوچستان بجلی سے محروم ہے، فنی خرابی سے متعلق معلومات لی جارہی ہیں۔
لاہور سمیت تمام بڑے،چھوٹے شہر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں
ذرائع لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا بتانا ہے کہ لاہور سمیت تمام بڑے،چھوٹے شہر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق جنوبی و شمالی مین لائینوں میں بیک وقت فالٹ آیا۔ بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث اورنج لائن ٹرین کو بند کر دیا گیا۔
آئیسکو کے 117 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ریجن کنٹرول سینٹر کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی
آئیسکو انتظامیہ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے— Islamabad Electric Supply Co. IESCO (@IESCO_Official) January 23, 2023
اس وقت سسٹم مکمل طور پر بند ہے، مین لائنوں میں فالٹ کی وجہ سے پورا سسٹم بیٹھ گیا
فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرہ، سرگودھا، شور کوٹ، پیر محل اور ملتان ریجن سمیت دیگر کئی شہروں میں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے 117 گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، ریجن کنٹرول سینٹر کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ذرائع نیشنل پاور کنٹرول کا کہنا ہے کہ اس وقت سسٹم مکمل طور پر بند ہے، مین لائنوں میں فالٹ کی وجہ سے پورا سسٹم بیٹھ گیا، بجلی کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔