لاہور: منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب نے میں وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دے دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز اور داماد ہارون یوسف بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت قومی احتساب بیورو (نیب) نے عدالت میں سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دیا جس کے بعد سلیمان شہباز نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔
نیب نے عدالت میں بیان دیا کہ نئے قانون کے تحت سلیمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری اب نہیں ہیں، اس پر سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری انکوائری اسٹیج پر تھا، نئے قانون میں وارنٹ گرفتاری تفتیش کی اسٹیج پر ہی ہو سکتے ہیں۔
نیب وکیل نے کہاکہ اب سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے، ہم نے سوالنامہ سلیمان شہباز کو دیا تھا لیکن ابھی جواب نہیں دیا اس پر سلیمان شہباز کے وکیل نے کہا کہ ہم نے نیب کو جواب جمع کرا دیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سلیمان شہباز کی درخواست ضمانت واپس لینے پر نمٹا دی جب کہ عدالت نے ہارون یوسف کی حد تک نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے ان کی ضمانت میں 7 فروری تک توسیع کردی۔