اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے 45 ایم این ایز قومی اسمبلی کو استعفوں کی واپسی کیلیے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی رہائشگاہ جانے سے روک دیا گیا۔
پی ٹی آئی اراکین نے اس موقع پر سخت احتجاج کیا اور نعرے بھی لگائے ، ان کا کہنا تھا کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ بعد ازاں پولیس سے مذاکرات کے بعد اراکین نے اپنا احتجاج ختم کردیا ۔
پاکستان تحریک انصاف کے 45 اراکین کے استعفے واپس لینے کے معاملے پر اراکین کے مشترکہ طور پر اسپیکر کی رہائشگاہ جانے کے اعلان کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے، پی ٹی آئی اراکین کو راجہ پرویز اشرف کی رہائشگاہ جانے سے روک دیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین کو منسٹرانکلیو میں کے باہر روکا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں، جس کے بعد ممبران احتجاجا وہیں دھرنا دے کر بیٹھ گئے جبکہ منسٹر انکلیو کے باہر خواتین اہلکاروں سمیت پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی بعد ازاں پولیس سے مذاکرات کے بعد اراکین نے اپنا احتجاج ختم کردیا ۔