اسلام آباد ( اُمت نیوز) ملک بھر میں جاری طویل بریک ڈائون کے بعد بجلی بحال ہونا شرو ع ہوگئی ہے۔
نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے مطابق کالا شاہ کاکو اور نارنگ منڈی ،شیخوپورہ ،این ٹی ڈی 220 کے وی بند روڈ، غازی، نیو کوٹ لکھپت اور اولڈ کوٹ لکھپت،ڈیرہ مراد جمالی، روجھان جمالی اور گنداخہ، بھاگ، جھل مگسی، اُستہ محمد، صحبت پور، سوئی، سبّی، ڈھاڈر، مچھ اور دروازہ گرڈ سٹیشنز سے بجلی بحال کردی گئی ہے۔
آئیسکو ریجن میں مختلف گرڈ سٹیشنز سے منسلک 90 فیڈرز پر بھی بجلی بحال کردی گئی ہے، سسٹم کو اوور لوڈنگ سے محفوظ رکھنے کیلئے فیڈرز کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے،
لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ 132 کے وی گرڈ سٹیشنز کو مرحلہ وار سپلائی شروع کی جائے گی۔
میپکو حکام کے مطابق 132 کے وی جام پور، فاضل پور، ڈی جی خان 1، داجل اور سنجر پور گرڈ سٹیشنوں کو بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے
، وارسک ڈیم اور اوچ پاور پلانٹ سے بجلی کی فراہمی موجود ہے،
سیپکو کا بھی کہنا ہے کہ کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کی جا رہی ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی ہو چکی ہے، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ اور خیر پور ناتھن شاہ کے علاقوں میں میں بجلی بحال ہو گئی ہے۔
کیسکو ترجمان کے مطابق سبّی 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن سے سبی تک بھی بجلی بحال ہو گئی ہے، اس وقت کوئٹہ شہر کو 132 کے وی سبی ٹرانسمشن لائن سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے جس کے بعد کوئٹہ کے تمام گریڈ سٹیشنز کو بجلی فراہمی بحال ہو چکی ہے۔
گریڈ سٹیشنز کی بجلی بھی بحال ہو گئی ہے، 220 کے وی دادو خضدار اور ڈیرہ غازی خان لورالائی ٹرانسمشین لائنز کی بحالی کے بعد صورتحال میں بہتری آئے گی۔