لاہور(نمائندگان امت) مہنگائی خاندان اجاڑنے لگی ہے، ٹنڈو الٰہیار کے بعد لاہور میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں باپ نے غربت سے تنگ آکر 3 بیٹیوں کو زہر دیکر خود بھی کھا لیا۔ لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں مہنگائی سے پریشان باپ سے اپنی بیٹیوں کی بھوک نہ دیکھی گئی تو اس نے اپنے بچوں سمیت زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پہلے تینوں بچیوں کو زہر کھلایا اور پھر خود بھی کھا لیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق باپ اور تینوں بیٹیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ایک بچی دم توڑ گئی جبکہ باقی دو بچیاں اور باپ زیر علاج ہیں۔ بچیوں کی عمریں 8 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔ تاہم متاثرہ شہری اور بچیوں کے نام نہیں بتائے گئے ہیں۔
ادھر ٹنڈو الٰہیار میں ہفتے کے روز رات گئے گاؤں موریو ساند میں بھی ایسا ہی افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں غربت سے تنگ آکر 8 بچوں کی ماں 45 سالہ سیتا نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ٹنڈوالہیار میں غربت کا شکار میاں بیوی سے بھوک سے بلکتے بچے نہ دیکھے گئے اور انہوں نے دو دن کے وقفے سے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا تھا۔