لندن(امت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے جس اسمبلی پر لعنت بھیج کر گئے تھے، اب اُسی میں آنا چاہتے ہیں، بڑی شرم کی بات ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنااللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے استعفے دینے کے بعد اب کہتے ہیں قبول نہ کیے جائیں، پوچھتا ہوں پہلے دیے کیوں تھے؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے خود ہی استعفیٰ دے کر خجل خوار ہورہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان میں عدم استحکام کی جدوجہد کر رہا ہے، وہ مہم جوئی کر رہا ہے کہ پاکستان ڈی فالٹ کر جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتا ہے کہ اس کا اقتدار ہے تو سب ٹھیک ورنہ پاکستان پر ایٹم بم بھی گرنا چاہیے اور اسے تقسیم بھی ہونا چاہیے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے بتایا کہ وہ پاکستان مریم نواز کے ساتھ پہنچیں گے، ملک کے عوام عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کریں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرے گی