کراچی (اسٹاف رپورٹر)کوائف طلبی کے نام پر اہل مدارس کو ہراساں کرنے کی کوششیں قابل قبول نہیں، تنظیمات مدارس اور حکومت کے مابین طے شدہ معاہدوں کی پاسداری کی جائے،سرکاری اہلکاروں کا مختلف دینی اداروں میں جا کر طلباء اور اساتذہ کی لسٹیں طلب کرنا متفقہ فیصلوں سے انحراف اور بد اعتمادی کی فضا قائم کرنے کی کوشش ہے ،ذمہ دار حلقوں کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہئے، کوائف طلبی کا یہ سلسلہ فوری روکا جائے،وفاق المدارس کی طرف سے 30 جنوری کو فیصل مسجد میں حفظ قرآن کریم کا قومی مسابقہ قرآن پاک کے حفظ اور پڑھنے کے شوق میں اضافے کا سبب بنے گا،ملک بھر میں ہونے والے مقابلوں میں ہزاروں طلباء نے حصہ لیا،ملکی سطح پر اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد وفاق المدارس کا بہترین اقدام ہے جسے دینی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار جامعہ العلوم الاسلامیہ سوہان میں وفاق المدارس اسلام آباد شرقی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کیا
اجلاس کی صدارت وفاق المدارس کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن مولانا ظہور احمد علوی نے کی جبکہ وفاق المدارس ضلع اسلام آباد شرقی کے مسؤل مولانا عبدالغفار، اسلام آباد غربی کے مسؤل مولانا مفتی عبدالسلام، مولانا قاضی شبیر احمد کاشمیری، مفتی دوست محمد،مولانا عبدالرشید توحیدی،پیر شفیق الرحمن، مولانا ریاض عباسی، مولانا عبدالرؤف محمدی، مولانا تنویر احمد اعوان اور دیگر بھی شریک ہوئے
علمائے کرام نے کوائف طلبی کے نام پر سرکاری اہلکاروں کی طرف سے اہل مدارس کو ہراساں کرنے کی کوششوں پر سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے طے شدہ معاہدوں سے رو گردانی قرار دیا
انہوں نے کہا کہ اہل مدارس نے ہمیشہ حکومتی معاہدوں کی پاسداری کی ہے لیکن حکومتی رویہ ہمیشہ ناقابل فہم رہا ہے ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری اہلکاروں کو براہ راست کسی قسم کے کوائف فراہم نہیں کئے جائیں گے اگر کسی قسم کے کوائف کی ضرورت بھی ہے تو مدارس کے بورڈز اور وفاقوں سے رابطہ کیا جائے ،اجلاس میں وفاق المدارس کے زیر اہتمام حفظ قرآن کریم کے قومی مسابقہ کی تشہیری مہم کی حکمت عملی طے کی گئی اور اسے کامیاب بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں مولانا بلال ظفر،مولانا محمد ابراہیم، قاری محمد یوسف ،مولانا محمد ندیم عباسی ،حافظ اورنگزیب، قاری عبدالباسط،مولانا محمد مجاھد،مولانا ہارون سلیم،مولانا عمار،مولانا فیض الواحد، مولانا محمد الیاس،مولانا عطاء اللہ، مولانا ضیاء الرحمن صدیق، مولانا محمد طاہر، مولانا محمد نوید، مولانا صادق حسین،مولانا عبدالحنان، مولانا دلدار،مولانا مرتضی الیاس اور دیگر نے بھی شرکت کی۔جبکہ راولپنڈی کے علماء،مدارس منتظمین کا اجلاس جامعہ عربیہ اسلامیہ گلستان کالونی راولپنڈی میں وفاق المدارس العربیہ صوبہ پنجاب کے ناظم مولانا قاضی عبدالرشید کی صدارت میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں مولانا قاری فضل ربی، مفتی عبدالرحمن،مولانا ادریس حقانی،مولانا محمد سراج، مولانا شکیم عباسی،مولانا قاری محمد آصف ،مولانا جمیل درانی، مولانا احسان اللہ، مولانا شیر محمد مغل،پروفیسر عبدالواحد سجاد،قاری محمد اجمل، مولانا افتخار،مولانا عتیق الرحمان ،مولانا محمد یونس سمیت ستر سے زائد مہتممین ومنتظمین مدارس شریک ہوئے۔
اجلاس میں تیس تاریخ کو فیصل مسجد میں ہونے والے عظیم الشان قومی مسابقہ حفظ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اور اب تک ہونے والی پیشرفت سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔تمام شرکاء نے اپنے اداروں کے طلباء کے ساتھ بھرپور شرکت کی ترتیب سے آگاہ کیا۔نیز جمعہ کے بیانات میں اس موضوع پر آئمہ مساجد کو بیانات کرنے کی ترغیبی مہم پر بھی اجلاس میں مشاورت کی گئی۔
دریں اثناء تیس تاریخ کو فیصل مسجد میں قومی مسابقہ حفظ قرآن کے حوالہ وفاق المدارس العربیہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی کی صدارت میڈیا ٹیم کے اراکین کے ساتھ مفصل نشست ہوئی،جس میں مولانا عبدالرؤف محمدی، مولانا تنویر احمد اعوان،مفتی انعام الحق، مولانا عنایت الرحمن،مولانا شہزاد عباسی،مولانا عبدالعزیز اور مولانا رشید احمد خاکسار شریک ہوئے،اجلاس میں طے کیا گیا کہ ان شاءاللہ قومی مسابقہ تاریخ ساز ہوگا اس کی تشہیری مہم کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔پرنٹ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے متعلق میڈیا پرسن اور میڈیا ھاؤس کے دورے کر کے مسابقہ کی کوریج کیلئے دعوت نامے بھی دئیے جائیں گے۔میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ میڈیا ٹاک کا اھتمام بھی کیا جائے گا۔مسابقہ کی لائیو کوریج کیلئے بھی تیکنیکی سہولت کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق 26 جنوری بروز جمعرات کو قومی مسابقہ حفظ قرآن کے انتظامات کو حتمی ترتیب دینے کیلئے جامعہ محمدیہ اسلام آباد میں راولپنڈی اسلام آباد کے علماء کا مشترکہ اجلاس بھی ہوگا۔