اسلام آباد(امت نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گورنر پنجاب اور گورنر خیبرپختونخوا کو صوبائی اسمبلیوں کے ممکنہ تاریخوں سے آگاہ کردیا۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کی تیاریاں تیزکردیں۔ دونوں صوبوں کے گورنرز کو آگاہ کردیا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے الیکشن 9 سے17 اپریل کے درمیان ہو سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کےگورنرز کو الگ الگ خطوط میں لکھا کہ پنجاب میں صوبائی عام انتخابات 9 سے13 اپریل کےدرمیان جبکہ کےپی اسمبلی کیلئے پولنگ 15 سے 17 اپریل کے درمیان کرائی جا سکتی ہے۔ آئینی طور پر دونوں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل سے 90 دن میں انتخابات کرانا لازم ہیں۔
دوسری جانب عام انتخابات ایک ہی روز نہ ہونےسےانتخابی اخراجات کا تخمینہ بڑھ گیا۔کمیشن نے2 صوبائی اسمبلیوں کےالیکشن کیلئے حکومت سے اضافی فنڈز کا مطالبہ کر دیا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ کو خط میں لکھا ہے کہ پنجاب اور کے پی میں عام انتخابات جبکہ قومی اسمبلی کی 93 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہونے ہیں۔ پہلے سے منظور شدہ 45 ارب میں سے 25 ارب روپے رواں سال جاری کئے جانے ہیں ، کمیشن کو اب تک 5 ارب روپےموصول ہوچکے، بقیہ 20 ارب فوری جاری کئے جائیں تاکہ انتخابات کا عمل مکمل ہوسکے۔