لاہور(امت نیوز)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے فواد چوہدری سے متعلق ا پنے بیان پر معذرت کرلی۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ تقریر کے دوران فوادچوہدری سےمتعلق جو گفتگو کی اس پر معذرت خواہ ہوں، فواد چوہدری کی فیملی سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، میرے بیان سے ان کی فیملی کو دکھ پہنچا جس پر معذرت خواہ ہوں۔
سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو اسمبلی مت توڑو مگر میری ایک نہیں مانی گئی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا ساڑھے 5 ماہ میں پانچ سال کا کام کیا، میں کہہ کہہ کر تھک گیا تھا کہ ابھی کام کرنے دیں، اب اسمبلی توڑ دی ہے دیکھو کیا حال ہے، ایک سال اور کام کرتے تو یہاں ن لیگ کے کپڑے تک نہ ملتے، ن لیگ والے ملے جو کہتے تھےکہ شکر ہے اسمبلی ٹوٹی ورنہ ہماری سیاست ختم تھی
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا خان صاحب کے قریب موجود لوگوں نے ہی پارٹی کی جڑ کاٹی، چار پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے، پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا۔
اس پر حماد اظہر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ٹی آئی کو اسمبلی توڑتے وقت اچھی طرح مشکلات کا اندازہ تھا، کل فواد چوہدری کا کوئی نقصان نہیں ہوا، وہ قوم کا ہیرو بنا ہے۔