کراچی( اسٹاف رپورٹر ) ایف آئی اے کے ڈائریکٹر سندھ زون ون کراچی کی جانب سے عمرے کے نام پر بیرون ملک جانے کی چھٹی حاصل کی گئی تاہم ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی عمرہ کی ادائیگی کے بغیر ہی پاکستان سے براہ راست برطانیہ جاکر واپس پاکستان آگئے۔ڈائریکٹر کے سفر کو پرواز میں بزنس کلاس یعنی آرام دہ اور اعلیٰ معیار کا بنانے کی فرمائش کی گئی جس کے لئے ایک مخصوص پارٹی کے ذریعے 7لاکھ روپے کے اضافی اخراجات فضائی کمپنی کو فراہم کئے گئے ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے عبداسلام شیخ کی جانب سے گزشتہ ہفتے حکام بالا کو درخواست دے کر ایکس پاکستان لیو کے نام پر رخصت لی گئی تھی جس کے بعد ان کی چھٹیان منظور ہونے کے بعد باقاعدہ ایک مراسلہ جاری کیا گیا تھا جس میں واضح طور پر لکھا تھا کہ عبدالسلام شیخ 6روز کی چھٹی پر جا رہے ہیں اور وہ پاکستان سے پہلے عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب جائیں گے اور وہاں سے وہ برطانیہ جاکر واپس آجائینگے ۔تاہم عبداسلام شیخ گزشتہ ہفتے ایمرٹس ایئر لائن سے براہ راست برطانیہ کے لئے روانہ ہوئے اور جمعرات کے روز ان کی واپسی ہوئی، اس دوران راستے میں عمرہ ادا کرنے سعودی عرب نہیں گئے ۔امت کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹر عبدالسلام شیخ کی غیر موجودگی میں ڈائریکٹر سندھ زون ٹو عبدالحمید بھٹو کو ڈائریکٹر کراچی کا اضافی چارج سونپا گیا حالانکہ کراچی زونل ہیڈ کوارٹر میں ایک سینئر موسٹ افسر ڈاکٹر فاروق بھی موجود تھے جن کے پاس اس وقت ڈائریکٹر ایڈمن کا چارج بھی ہے ۔ڈائریکٹر عبدالسلام شیخ کی غیر موجودگی میں پورا ہفتہ زونل آفس میں ڈائریکٹر عبدالحمید بھٹو کو کئی مہمان ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی کا چارج ملنے پر مبارک باد دینے آتے رہے ۔