اسلام آباد: سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سینیٹ اجلاس میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد مذمتی قرارداد د نے پیش کی، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ سینیٹ قرآن پاک کو جلانے، پھاڑنے اور بے حرمتی پر صدمے کا اظہار کرتا ہے۔
سینیٹ آف پاکستان ایسے شدت پسندوں اور جنونیوں پر سراپائے احتجاج ہے۔ اسلامو فوبیا پر مبنی نفرت انگیز، شیطانی عمل کی مذمت کرتے ہیں۔
قرارداد کے متن کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا اقدام بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے خلاف ایک سازش ہے۔
قرارداد میں کہا گیا یورپ کے سفیر کو طلب کرکے بھرپوراحتجاج ریکارڈ کروایا جائے۔ قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔افسوسناک واقعے پر او آئی سی ممالک کے ساتھ رابطہ کیا جائے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے جنیوا میں ہونے والے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں مسئلے کو اٹھایا جائے۔