لاہور(امت نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران نے سابق صدر آصف علی زرداری پر اپنے قتل کی سازش کا الزام لگادیا ۔ کہا کہ آصف زرداری نے انہیں قتل کروانے کیلئے ایک دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دے دیا ہے اور طاقتور لوگ منصوبے میں سہولت کار ہیں۔
کارکنوں سے ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ مجھے کچھ ہوا تو ساری قوم کو پتا ہونا چاہیے کہ کن لوگوں نے کروایا، میں نے ان کے نام لکھے ہوئے ہیں تاکہ لوگوں کو ان کا پتا چلے، ان کا پلان ہے کہ کسی طرح سے مجھے راستے سے ہٹایا جائے، ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح تحریک انصاف کو ہرایا جائے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کرنے والے غلطی کو درست کرنے کے بجائے ملک مزید دلدل میں دھنساتے چلے جارہے ہیں، غطی درست کرنے کا طریقہ صرف نیا الیکشن تھا، مگر تحریک انصاف کی کامیابی کے خوف سے الیکش نہیں کروایا گیا، عوام ان لوگوں کو کبھی ووٹ نہ دیں جن کا پیسہ اور جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے قوم پر فیصلہ کن وقت ہے، ان 9 ماہ میں بہت سے لوگ بے نقاب ہوئے، قوم کے اندر آواز اٹھنے والی ہے، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو کونے سے لگایا جا رہا ہے، اس سے ملک مزید دلدل میں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض کے اپوزیشن لیڈر بننے سے پارلیمنٹ کی کیا حیثیت رہ گئی ہے؟ نگراں حکومت کا مطلب نیوٹرل امپائر ہوتا ہے لیکن پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہمارے بدترین مخالفین کو بٹھا دیا گیا ہے جنہوں نے آتے ہی ہمارے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اب ان کا پلان سی بنا ہوا ہے آصف زرداری اس کے پیچھے ہے۔