توہین قرآن:عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی اپیل ملک بھرمیں احتجاج

لاہور( امت نیوز)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی اپیل پر سویڈن اور ہالینڈ میں توہین قرآن کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ علماء کرام نے خطبات جمعہ میں عظمت قرآن کے موضوع پر بیانات کیے اور سویڈن اور ہالینڈ کے اس گھناؤنے فعل کیخلاف مذمتی قرادادیں منظور کرائیں۔ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے مختلف قسم کے بینرز، پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف قسم کے نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمان ثانی، قاری جمیل الرحمن اختر، قاری علیم الدین شاکر، مولانا عبدالنعیم، پیررضوان نفیس، مولانا محبوب الحسن طاہر، مولانا عبدالعزیز، مولانا خالد محمود، مولانا محمداشرف گجر، قاری ظہورالحق، مولانا سید عبداللہ شاہ، مولانا محمدارشد، مولانا احسان اللہ، مفتی ابوبکرصدیق، مولانا محمداقبال، مولانا عبدالواجد، مولانا عابد ارشاد، مولانا زبیرجمیل،مولانا سعید وقار، قاری محمدطاہر، مولانا سمیع اللہ، مولانا محمدارشاد فاروقی، حافظ اخلاق احمد، مولانا عبیدالرحمن معاویہ، مولانا محمدمیاں، مفتی محمودمیاں، مولانا اسامہ زبیر نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی گھناؤ نا فعل اور انتہائی قابل مذمت عمل ہے، واقعے سے دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے، ایسی کارروائیوں کا آزادی اظہار رائے سے کوئی تعلق نہیں۔مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کے خلاف کھلی ورزی ہے،

انہوں نے کہا کہ  اسلام امن کا مذہب ہے، عالمی برادری کو اسلاموفوبیا اور عدم برداشت کیخلاف یکساں موقف اختیار کرنا چاہئے۔سویڈن  اور ہالینڈ میں اس اقدام سے دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کو مذہبی جذبات مجروح کرنے کی اجاز ت بالکل نہیں ہونی چاہیے۔کوئی بھی مسلمان قرآن کریم کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو تصادم، انتشار اور عالمی امن کیلئے خطرہ کا باعث سمجھتے ہیں۔شدت پسندی کا سدباب عالمی ذمہ داری ہے۔ سویڈن کے شدت پسند گروہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس ناک واقعہ سے یورپ کا مکروہ چہرہ سامنے آرہا ہے۔ قرآن پاک اور سرکار دو عالم کی بے حرمتی قابل قبول نہیں۔ کفر کی طاغوتی قوتیں اسلامو فوبیا میں مبتلا ہیں انہیں اس فوبیا سے نکالنے کیلئے اقوام عالم کوکردار ادا کرنا چاہئے۔ اسلامو فوبیا کے انسداد کے ذریعہ ہی دنیا میں امن قائم ہوسکتاہے انہوں نے کہا کہ مغربی استعماری قوتیں تواتر کیساتھ مسلم دشمنی میں اسلام،شعائر اسلام، پیغمبر اسلام اور اللہ کی مقدس کتاب قرآن پاک کی توہین اور بے حرمتی کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بن رہی ہیں اورمذہبی اشتعال انگیزی کے ذریعہ اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتی ہیں۔ قرآن پاک کی توہین کے دلخراش واقعات کے ذریعے اسلام کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ لہٰذاتمام مسلم حکمران بالخصوص او آئی سی  اس دلخراش واقعہ کافوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افراد کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے تک سویڈش  اورہالینڈ حکومت سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرنا چاہئے