لاہور(امت نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے چوہدری پرویزالہیٰ کوسیاسی غدار قرار دے دیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہایت افسوس اور دکھ کا مقام ہے کہ چوہدری شجاعت حسین جنہوں نے چوہدری ظہور الٰہی شہید کی سیاسی میراث کو زندہ رکھا، آگے بڑھایا اور خاندان کو اکٹھے رکھنے کیلئے قربانیاں دیں اُنہیں ان کے اپنے چھوٹے بھائی نے اپنی خود غرض سیاست کا نشانہ بناتے ہوئے غیر آئینی طور پر پارٹی کی صدارت سے ہٹا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہیٰ نے چوہدری شجاعت کو ہٹا کر خود کو کٹھ پتلی صدر بنانے کی ناکام کوشش کی ہے، حلقہ کے عوام جانتے ہیں کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید اور چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ اپنی دی ہوئی زبان کا مان رکھا ہے۔
چوہدری سالک نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اپنی ذاتی خواہشات ،انا ،لالچ اور عہدوں کی ہوس میں خاندان کی ساکھ، روایت اور شہید ظہور الٰہی کے سیاسی نظریے سے غداری کی ہے.